ہزارہ یونیورسٹی میں اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (آئی آر ڈی) کے زیر اہتمام مدارس کے فضلاء اور نوجوان محققین کے لیے دوروزہ ورکشاپ کا آغاز ہوگیا ہے۔ ورکشاپ میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممتاز مدارس کے نوجوان اساتذہ اورہزارہ یونیورسٹی میں  علوم اسلامیہ کے محققین شریک ہیں۔

ورکشاپ بین المسالک ہم آہنگی، مسلم مفکرین اور سماجیات ،کردار سازی کا نبوی منہاج  اور علم وتحقیق اور مسلم روایت جیسے  اہم  موضوعات پر منعقد کی جارہی ہے۔ورکشاپ سے ملک کے ممتاز مفکرین ، ماہرین سماجیات  اور دانشور خطاب کررہے ہیں۔ ورکشاپ کا  باقاعدہ  افتتاح ہزارہ یونیورسٹی کے  سینیٹ ہال میں ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر  ڈاکٹر جمیل احمد نے کیا۔ اس موقع پر آئی آر ڈی کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین اور ہزارہ یونیورسٹی میں شعبہ علوم اسلامیہ کے ڈین ڈاکٹر ازکیا ء ہاشمی  بھی موجود تھے۔

افتتاحی اجلاس سے  خطاب کرتے ہوئے  ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر  ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ کالجوں  اور جامعات میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی طرح مدارس کے طلبہ و طالبات بھی نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ ہمیں مدارس سے ڈرنے کے بجائے انہیں معاشرے میں عزت واحترام دینا چاہیے تاکہ وہ معاشرے کے لیے مفید خدمات انجام دے سکیں۔ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد نے مزید کہا کہ معاشرے میں مکالمے اور باہمی یگانگت کو فروغ دینا چاہیے تاکہ کسی طرح کا خلا باقی نہ رہ سکے۔معاشرے کی بہتر خطوط پر استواری کے لیے ہمیں سماج کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ ڈاکٹر جمیل احمد نے شرکاء پر زور دیا کہ ہمیں علم کے پھیلاؤ کو روکنا نہیں چاہیےاور ایک دوسرے پر تکیہ کرنے کی بجائے خود کو زیور علم سے آراستہ کرنا چاہیے۔

اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے ایگزیکٹیوڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین نے  اپنے خطاب میں پر امن ماحول میں مکالمہ و مباحثہ   کی روایت کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کا ایک اہم حصہ ہے جو پاکستان میں بین المسالک ہم آہنگی،مدارس کے اساتذہ کی تربیت ، علم وتحقیق کو فروغ دینے اور پاکستانی اہل علم کی علمی کاوشوں کو شائع کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ آئی آر ڈی سے اب تک 80 سے زائد علمی کتب شائع ہوچکی ہیں  جو ہائر ایجوکیشن کمیشن  سے منظور شدہ ہیں اور انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔ ڈاکٹر حسن الامین نے ہزارہ یونیورسٹی کے وی سی اور دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنکے تعاون سے اس ورکشاپ کا انعقاد ممکن ہوا۔

ورکشاپ کے پہلے روز کے دیگر اجلاسوں سے بین المسالک ہم آہنگی  اور ذرائع ابلاغ کے بامقصد استعمال پر ممتاز صحافی سبوخ سید اور کالم نگار سید مزمل حسین شاہ  نے جبکہ مسلم مفکرین اور سماجیات کے عنوان پر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور سے وابستہ محقق جناب زید حسن اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے وابستہ محقق جناب وقاص خان  نے بھی خطاب کیا۔

ورکشاپ 26 اگست 2021 کو بھی جاری رہے گی اور اس کے مختلف اجلاسوں سے دیگر ماہرین و اساتذہ کے علاوہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور معروف ماہر قانون و دانشور بیرسٹر ظفر اللہ خان بھی خطاب کریں گے۔

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ رحمۃ للعالمین حضرت محمد  ﷺ   کی سیرت میں ہرزمانے کے لیے رہنمائی  کے خطوط موجود ہیں۔ زندگی کا کوئی بھی شعبہ اس رہنمائی سے محروم نہیں ہوسکتا۔ ہماری زندگیوں کا کوئی بھی شعبہ رسول اللہ ﷺ کی رہنمائی سے محروم نہیں ہوسکتا۔ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے مزید کہا کہ اسلام ایک ہمہ گیر دین ہے۔ اس کے 90 فیصد معاملات دنیا سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 10 فیصد عبادات وغیرہ پر مشتمل ہیں۔ انہوں  نے  دینی مدارس کو معاشرے کا ایک اہم جزو قرار دیا اور کہا کہ مدارس کو معاشرے سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے قومی یکساں قومی نصاب تعلیم  کی حکومتی کاوش کو سراہتے ہوئے  کہا کہ اس کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے پر زور دیا اور کہا کہ دینی مدارس کو چاہیے کہ وہ حکومت کے نافذ کردہ قومی یکساں نصاب تعلیم کو اپنے اداروں میں قبول کریں  تاکہ پاکستان علمی ترقی کے میدان  ایک ساتھ آگے بڑھ سکے۔  ہزارہ یونیورسٹی میں اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ  کے زیر اہتمام فضلاء مدارس اور نوجوان دانشوروں  کے لیے دوروزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد، ممتاز دانشور اور قانون دان بیرسٹر ظفراللہ خان اور اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین بھی موجود تھے۔ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  کے ادارہ اقبال انسٹی ٹیوٹ نے علماء، فضلاء اور طلبہ کی تربیت اور مختلف مسالک کے افراد کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھرپور کام کا آغاز کیا ہے۔ اس لیے کہ معاشرہ کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ مدارس اور معاصر تعلیمی اداروں کے فضلاء کے مابین بعد کو کم کیا جائے۔ اس کے لیے لازم ہے کہ مدارس کے فضلاء  کی تکریم میں اضافہ کیا جائے اور انہیں معاشرے کا محترم ترین طبقہ سمجھا جائے۔

آئی آر ڈی کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین نے دوروزہ ورکشاپ میں دینی مدارس کے فضلاء اور نوجوان دانشوروں کی دلچسپی کو سراہا اور اس طرح کے مزید پروگرام تسلسل کے ساتھ منعقد کروانے کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی  اور ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد  نے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں یونیورسٹیوں میں علمی تحقیق اور مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X